0
Saturday 4 Jan 2025 10:06

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے، حریت کانفرنس

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کروائے۔ ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے 5جنوری کو کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے سلسلے میں سرینگر سے جاری ایک بیان میں جموں و کشمیر میں رائے شماری کرانے کا مطالبہ کیا۔ 1949ء میں اس دن منظور کی گئی قرارداد میں سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر خاص طور پر 5 اگست 2019ء کے بعد سے بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے، جب مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر کے اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کر دیا تھا۔ انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور دیگر حریت رہنمائوں، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی سمیت ہزاروں کشمیریوں کی جھوٹے الزامات کے تحت مسلسل غیر قانونی نظربندی کی بھی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے پر غیر قانونی قبضہ برقرار رکھنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے میں بھارت اور پاکستان دونوں نے جموں و کشمیر میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کرانے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 1182282
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش