اسلام ٹائمز۔ انسان کی کامیابی میں معنویات کا بہت زیادہ عمل دخل ہے۔ دینی تعلیم کو تربیت سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔ ماہ رجب میں دینی طلباء کو اپنی معنوی تربیت پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینی چاہیئے۔ تفصیلات کے مطابق جامعۃ الرضا اسلام آباد کے پہلے سمسٹر کے نتائج کے اعلان کے موقع پر مدیر مدرسہ مولانا حسنین عباس گردیزی صاحب نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے تعلیم و تربیت کے حوالے سے انتہائی اہم گفتگو کی۔ اس موقع پر جہاں انہوں نے امتحانات میں سخت محنت کرنے پر طلباء کی حوصلہ افزائی کی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو مبارکباد دی، وہیں طلباء کو یہ نصیحت بھی کی کہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی معنوی زندگی اور عبادات پر بھی خاص توجہ دیں۔
انہوں نے انسان کی زندگی پر دینی تعلیم کے اثرات پر بھی روشنی ڈالی اور عصر حاضر میں دینی تعلیم اور دینی طلباء کے کردار کے حوالے سے بھی کئی اہم نکات بیان کئے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رجب المرجب خدا کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے اور اس مہینے میں تمام مسلمانوں خصوصاً دینی طلباء کو اپنی معنوی تربیت پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے اس مہینے میں کثرت سے تلاوت قرآن، مستحب نمازوں، روزہ رکھنے اور اعتکاف کی سنت کی طرف بھی طلباء کو متوجہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمت ہے وہ انسان جو اس مہینے کی برکات اور ثواب سے اپنے آپ کو محروم رکھے۔ یاد رہے کہ جامعۃ الرضا اسلام آباد کے پہلے تعلیمی سمیسٹر کے نتائج کی تقریب سے خطاب کے موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کیلئے انعامات کا بھی اعلان کیا۔