اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم کے لیے امدادی سامان کا پہلا قافلہ آج صبح ہنگو کے علاقے ٹل سے روانہ ہوگا۔ پولیس کے مطابق 80 سے زائد ٹرکوں پر مشتمل قافلے کے گزرتے وقت مرکزی شاہراہ پر کرفیو نافذ کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق دوائیوں، سبزیوں، آٹے اور دیگر اشیاء سے بھرے ٹرک تین روز سے ٹل میں کھڑے ہیں۔ امدادی سامان کا قافلہ 4 جنوری کو کرم کے لیے روانہ ہونا تھا، لیکن بگن میں ڈپٹی کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ کے بعد قافلہ روانہ نہیں ہوسکا تھا۔ فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر اور ان کی سکیورٹی پر مامور 6 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ گذشتہ روز ڈی سی کرم پر حملے کی ایف آئی آر میں نامزد 2 شرپسندوں کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔