اسلام ٹائمز۔ جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ذرائٰع کے مطابق یوم حق خودارادیت کے موقع پر کشمیری اور پاکستانی نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس میں رضا بشیر تارڑ نے مسئلہ کشمیر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کی اس جدوجہد کی یاد دہانی ہے جس کا مقصد ان کے جائز حق خودارادیت کا حصول ہے۔ اجلاس میں کشمیری کمیونٹی کے رہنما شاہد مجید ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے ناانصافی اور ظلم کا شکار ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ان کی جدوجہد کی حمایت کرے اور مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ اس موقع پر کشمیری کمیونٹی کے اراکین اقوام متحدہ کے دفتر گئے اور ایک یادداشت پیش کی جس میں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کی اپیل کی گئی۔ یادداشت میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروا کر کشمیری عوام کی امنگوں کا احترام کرے۔ 5 جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے کی قرارداد منظور کی تھی جو آج تک عملدرآمد کی منتظر ہے۔