1
Wednesday 16 Jun 2021 22:41

عراقی مزاحمتی محاذ کیجانب سے قدس شریف کے دفاع میں عملی شرکت کا اعلان

عراقی مزاحمتی محاذ کیجانب سے قدس شریف کے دفاع میں عملی شرکت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ عراق  اسلامی کی مزاحمتی فورس کتائب حزب اللہ کی جانب سے جاری ہونے والے تازہ ترین بیان میں سید مقاومت سید حسن نصراللہ کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے فلسطینی دفاعی محاذ میں عملی طور پر شرکت کا اعلان کیا گیا ہے۔ عراقی چینل الاعلام المقاوم کے مطابق آج جاری ہونے والے کتائب حزب اللہ کے بیان میں اس قرآنی آیت؛ بِسْمِ اللّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِیمِ. إِذْ یُوحِی رَبُّکَ إِلَى الْمَلَائِکَةِ أَنِّی مَعَکُمْ فَثَبِّتُوا الَّذِینَ آمَنُوا سَأُلْقِی فِی قُلُوبِ الَّذِینَ کَفَرُوا الرُّعْبَ (انفال:12) کے ضمن میں تاکید کی گئی ہے کہ غاصب صیہونی رژیم گذشتہ کئی دہائیوں سے پورے خطے پر اپنی مرضی کا "طاقت کا توازن" تھونپنے کی کوشش میں ہے جس کے ذریعے وہ بعد ازاں فلسطینی سرزمین کے اندر و باہر موجود ہر غیر مطلوب طاقت کو سرنگوں کر سکے درحالیکہ وہ امریکہ اور اپنے اتحادی، خطے کے خائن حکام کی لا متناہی آشیرباد کے بل بوتے پر طاقت کے نئے توازن کو برقرار کرنے کے لئے نہ صرف فلسطینیوں بلکہ عراق سمیت پورے خطے کی عوام کے خلاف مسلسل وسیع جارحیت و بھاری جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے جبکہ یہ صیہونی رژیم نہ صرف ماضی میں عراق کے خلاف وسیع جارحیت کی مرتکب ہوئی ہے بلکہ اس وقت بھی وہ عراقی سپوتوں کے خلاف وسیع پیمانے پر گھناؤنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش میں ہے جن میں ہرج و مرج و بحران پیدا کر کے عراقی استحکام کو تباہ و برباد کرنا بھی شامل ہے۔

کتائب حزب اللہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے وحشیانہ جرائم صرف فلسطینی شہریوں تک ہی محدود نہیں بلکہ پورے کا پورا خطہ اس کے جرائم سے متاثر ہے جیسا کہ وہ عالمی حمایت یافتہ دہشتگرد تنظیم داعش کے خلاف لڑنے والے اسلامی سپہ سالاروں و مجاہدین کو کھلے بندوں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بھی بنا چکی ہے؛ تاہم یہ صیہونی اقدام نہ صرف ہر آزاد عراقی کی بیداری کا باعث بنا ہے بلکہ ان کے لئے نہتے عوام اور مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد اقصی جو تیسرا مسلم حرم اور حضرت خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ملکوتی عروج کا مقام بھی ہے، سمیت اپنے تمام مقدس مقامات کے دفاع کا محرک بھی بنا ہے۔ عراقی مزاحمتی فورس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس خطے کی عوام یقین رکھتی ہے کہ غاصب صیہونی دشمن کی موجودگی میں کبھی امن و امان نصیب نہ ہو پائے گا جبکہ اس صیہونی رژیم کے خاتمے سے ہی حقیقی اسلام کی توسیع اور پورے خطے کے امن و امان و استحکام کا نیا مرحلہ شروع ہو گا۔ اس بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ کتائب حزب اللہ کا اسلامی مزاحمتی محاذ مقدس مقامات کی حفاظت میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑے گا اور ان کا دفاع کرتے ہوئے، سید حسن نصراللہ (دام عزہ) کے اس اصول کی بنیاد پر کہ "قدس شریف کو لاحق ہر خطرہ، پورے خطے کے خلاف اعلان جنگ ہے" فلسطینی مزاحمتی محاذ میں اپنی عملی شرکت کا اعلان کرتا ہے۔ کتائب حزب اللہ نے اپنے بیان کے آخر میں اس قرآنی آیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ لِمِثْلِ هذَا فَلْیَعْمَلِ الْعَامِلُونَ (صافات:61)، تاکید کی ہے کہ اللہ تعالی کی مدد و نصرت سے یہ اسلامی مزاحمتی محاذ غاصب صیہونیوں کو بالکل ویسے ہی ذلت، شکست، نا امنی اور ناتوانی کا مزہ چکھا دے گا جیسا کہ اس نے صیہونیوں کے آقا امریکہ کو چکھایا ہے۔
خبر کا کوڈ : 938406
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش