اسلام ٹائمز۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز نے ثابت کیا کارکردگی کیلئے باری لینا ضروری نہیں، مریم نواز کیلئے حکومت چلانا نیا تجربہ تھا، عہدے، وسائل بہت ساری قوتوں کے پاس رہے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عوام کیلئے بہترین اقدامات کر رہی ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کو حکومت میں آئے 10 ماہ ہوئے، حکومت کی 10 ماہ کی کارکردگی رپورٹ موجود ہے، پنجاب کے عوام کیلئے 2024 بہت اچھا ثابت ہوا، 2024 جاتے جاتے بھی اچھی خبریں اور خوشیاں دیکر جائے گا، سٹاک ایکس چینج میں اضافہ ہوا، مہنگائی 4 سے 5 فیصد کے درمیان ہے، خسارے کا شکار اکاؤنٹ اب سرپلس میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے ثابت کیا کارکردگی کیلئے باری لینا ضروری نہیں، مریم نواز کیلئے حکومت چلانا نیا تجربہ تھا، عہدے، وسائل بہت ساری قوتوں کے پاس رہے ہیں، مریم نواز نے وہ منصوبے شروع کئے جو پہلے کسی حکمران نے نہیں کئے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ کرم پاراچنار میں سکیورٹی معاملات ٹھیک ہونے کا نام نہیں لے رہے، کراچی، لاہور میں بھی احتجاج اورسڑکیں بند ہو رہی ہیں، پاراچنار کی سڑکیں کھلوانا گنڈاپور کا کام ہے، مریم نواز کا نہیں، پنجاب کی ایئر ایمبولینس پارا چنار میں بھی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس عمران خان سے ملاقاتیں کرتے ہیں، راستے کھلوانے کیلئے عمران خان کو نہیں کہہ سکتے؟ْ۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام فتنہ، احتجاج کی سیاست کو سپورٹ نہیں کرتے، پنجابی فتنہ اور احتجاج کی سیاست کو سپورٹ نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ 64 لاکھ خاندانوں کو دہلیز پر رمضان نگہبان پیکج دیا گیا، پہلے لوگوں کو لائنوں میں لگنا اور ٹرکوں کے پیچھے بھاگنا پڑتا تھا۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی کا قیام بھی عمل میں آ رہا ہے، بڑی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کیساتھ بات چیت جاری ہے، ایک ہزار بیڈ پر مشتمل نواز شریف کینسر ہسپتال بننے جا رہا ہے، چین کے ساتھ ایم او یو سائن ہو گیا ہے، نواز شریف کینسر ہسپتال پر 54 ارب روپے لاگت آئے گی، نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال سرگودھا پر بھی بہت سیاست کی گئی، کارڈیالوجی ہسپتال سرگودھا میں اپنی نوعیت کا اعلیٰ ادارہ ہوگا، سپیشل افراد کیلئے ہمت کارڈ کا اجرا کیا گیا۔