اسلام ٹائمز۔ بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے اپنے وعدوں کو پورا کرے۔ ذرائع کے مطابق مشعال ملک نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ 1947ء سے لیکر اب تک اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بارے میں ایک درجن سے زائد قراردادیں منظورکی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اقوام متحدہ سے پوچھنا چاہتی ہوں ان وعدوں اور قراردادوں کا کیا بنا، کیا دنیا کا قانون اندھا، بہرہ اور گونگا ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا کشمیری صرف اس لئے پیدا ہوئے ہیں کہ ہم اپنے شہداء کو دفناتے رہیں، کیا ہم جیلوں میں ہی پڑے رہیں؟ کیا ہم نے کالے قوانین کے تحت ہی زندگی گزارنی ہے۔ مشعال ملک نے سوال اٹھایا کہ کیا اقوام متحدہ نے بھارت کی ہٹ دھرمی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں، تاریخ کبھی اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو معاف نہیں کرے گی کیونکہ کشمیریوں پر ظلم ہوتا رہا اور آپ خاموش رہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ تاریخ اور دنیا گواہی دے گی کہ کشمیریوں نے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھی، انشااللہ فتح ہمارا مقدر ہے۔ افسوس کشمیری قربانی دیتے رہے اور دنیا دیکھتی رہی اور خاموش رہی۔