اسلام ٹائمز۔ یوم حق خودارادیت کے سلسلے میں اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سیمینار کے مہمان خصوصی سابق صدر آزاد جموں و کشمیر و سفارتکار مسعود احمد خان تھے جبکہ گلگت و بلتستان کے ترجمان فیض اللہ فراق اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمد فاروق رحمانی نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے 5 جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیر کے بارے میں منظور کی گئی قرارداد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بنیاد فراہم کرتی ہے اور اس قرارداد میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہاہے۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے سازگار ماحول پیدا کرے۔
مقررین نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں کا نوٹس لیں اور علاقے میں جاری ظلم و ستم کو بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ مقررین نے کہا اقوام متحدہ کو عالمی امن کو یقینی بنانے کے لئے تشکیل دیا گیا تھا اور اگر عالمی امن کو اس وقت کوئی سنگین خطرہ ہے تو وہ تنازعہ کشمیر کا حل نہ ہونا ہے۔
مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات کو غیر قانونی، غیر آئینی، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی قرار دیا۔سیمینار کے اختتام پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔سیمینار میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنمائوں محمود احمد ساغر، الطاف حسین وانی، سید فیض نقشبندی، شیخ محمد یعقوب، امتیاز وانی، سید اعجاز رحمانی، حسن البناء، سید مشتاق، دائود یوسف زئی، محمدسلطان بٹ، محمد شفیع ڈار، میاں مظفر،عبدالمجید لون،عدیل مشتاق وانی، زاہد حسین، رئیس احمد میر، ظہور احمد، چوہدری محمد رفیق، ملک اسلم، افسر خان اور دیگر نے بھی شرکت کی۔