اسلام ٹائمز۔ غزہ میں ایک مظلوم فلسطینی کی اسرائیلی مظالم کے خلاف دوہائی دینے اور مسلمانوں کو مدد کیلئے پکارنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔ اسرائیلی فورسز کی غزہ میں جارحیت جاری ہے، جہاں ایک دن میں غزہ میں کم از کم 88 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔ تین دن کے دوران غزہ پر 100 سے زائد حملے کیے گئے، جن میں 200 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک صحافی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں ایک فلسطینی نوجوان اپنے والد کی شہادت کے بعد دنیا کو ایک پیغام دیتا دکھائی دے رہا ہے۔
یہ نوجوان جس کا والد غزہ کے وسطی علاقے میں واقع البریج مہاجر کیمپ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہوئے، درد بھری آواز میں پکارتے ہوئے کہتا ہے کہ "عرب کہاں ہیں؟ مسلمان کہاں ہیں؟ جاگو لوگو! ہم روز اپنے پیاروں کو کھو رہے ہیں۔ میرے والد ایک کپڑوں کی دکان چلا کر روزی کما رہے تھے اور انہیں شہید کردیا گیا۔" نوجوان کا کہنا تھا کہ "یہ ہمارے ساتھ کیوں ہو رہا ہے؟ میرے والد بلا وجہ مارے گئے۔ یہ ہمارے ساتھ کیوں ہو رہا ہے۔؟" خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 45 ہزار 805 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 9 ہزار 64 زخمی ہوچکے ہیں۔