0
Tuesday 31 Dec 2024 09:58

5 جنوری کو یوم حق خودارادیت کے موقع پر مظفر آباد میں ریلی نکالی جائیگی، حریت کانفرنس

5 جنوری کو یوم حق خودارادیت کے موقع پر مظفر آباد میں ریلی نکالی جائیگی، حریت کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام 5جنوری کو یوم حق خودارادیت کے موقع پر دارالحکومت مظفر آباد میں ریلی نکالی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق ریلی کے انعقاد کے سلسلے میں منتظم کمیٹی کا مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، منتظم کمیٹی نے جو کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، مشتاق احمد بٹ، مشتاق الاسلام، محمد اشرف ڈار، زاہد اشرف اور عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ 5 جنوری یوم حق خودارادیت کے موقع پرحریت کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر کشمیری قائدین کی قیادت میں مظفرآباد میں ریلی نکالی جائیگی۔ منتظم کمیٹی نے اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد اور مہاجرین راہنمائوں گوہر احمد کشمیری، راجہ محمد عارف خان، سکریٹری لبریشن سیل، ڈائریکٹر راجہ محمد اسلم، سیکریٹری سروسز ظفر محمود خان سے ملاقات کی اور انہیں یوم حق خودارادیت ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔

اس موقع پر حریت رہنمائوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر و استبداد کے خلاف عوامی مزاحمت پوری قوت سے جاری ہے۔ حق خودارادیت مانگنے کی پاداش میں بھارت کشمیری عوام کو وحشیانہ مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے۔ حریت وفد نے بتایا کہ 5جنوری کو یوم حق خودارادیت ریلی میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کیلئے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا مطالبہ کیا جائیگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ پوری ریاست کے عوام بھارتی فوجی قبضے اور ریاستی دہشت گردی کیخلاف بیک آواز استصواب رائے کا مطالبہ کریں۔ انہوں ملاقات کے دوران قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر اور اپوزیشن لیڈر سے کہا کہ وہ 2 جنوری بروز جمعرات کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں کشمیریوں کے حق خودارادیت سے متعلق اقوامِ متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد کیلئے ایک متفقہ قرارداد منظور کروائیں۔
خبر کا کوڈ : 1181538
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش