0
Saturday 4 Jan 2025 08:01

کشمیری بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے حق خود ارادیت سے محروم ہیں، غلام محمد صفی

کشمیری بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے حق خود ارادیت سے محروم ہیں، غلام محمد صفی
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے کشمیری عوام کا حق خودارادیت تسلیم کر رکھا ہے لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی اور بددیانتی کی وجہ سے اب تک یہ حق کشمیریوں کو نہیں مل سکا۔ ذرائع کے مطابق غلام محمد صفی نے مظفرآباد پریس کلب میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر کشمیریوں کی بھر نمائندگی اور ان کے حق خود ارادیت کے لیے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائداعظم کے اس فرمان کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو یکجا ہو کر بھارت کیخلاف جدوجہد کو منظم اور متحرک کرنا ہو گا۔ وزیر برائے بہبود و آبادی تقدیس گیلانی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم نے دریا جہلم اور نیلم میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی لاشیں بہتی دیکھی ہیں، ان کی آواز بننا ہماری ذمہ داری ہے، یہ مسئلہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر کا نہیں بلکہ آر پار سب کشمیریوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت ہر کشمیری کا بنیادی حق ہے۔

وزیر صحت نثار انصر ابدالی نے کہا کہ ہمیں بیس کیمپ کو مضبوط کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی ٹھوس مدد کرنا ہو گی۔ اتحاد و اتفاق وقت کی ضرورت ہے اور جب کشمیری اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں گے تو بھارت زیادہ دیر کشمیر پر قابض نہیں رہ سکے گا۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور رہنما تحریک انصاف خواجہ فاروق نے کہا کہ میرا بنیادی تعلق مقبوضہ کشمیر سے ہے، جہاں میرے کئی عزیز بھارتی مظالم سہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنی خدمات پیش کرنا میرے لیے باعث فخر ہو گا۔ مئیر مظفرآباد اور مسلم لیگ نواز کے رہنما سکندر نثار گیلانی نے کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کے مطالبے سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

رہنما پیپلز پارٹی شوکت نواز میر نے کہا کہ جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کے قبضے سے نجات حاصل کر کے پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا۔ رہنما جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمٰن نے کہا کہ ان کی تنظیم کشمیر کاز کے حوالے سے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت کیلئے کردار ادا کرے۔ چیئرمین پاسبان حریت عزیر غزالی نے کہا کہ ان کی تنظیم حریت کانفرنس کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، ہمیں دنیا کو یہ باور کرانا ہو گا کہ بھارت کشمیری عوام کے حق خودارادیت میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران تمام قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ 5 جنوری بروز اتوار یوم حق خودارادیت بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور دنیا کو ایک بھرپور پیغام دیا جائے گا کہ کشمیری عوام اپنے حق سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ پریس کانفرنس میں حریت رہنما پرویز احمد شاہ، مشتاق احمد بٹ، راجہ خادم حسین، شیخ ماجد، زاہد صفی، محمد اشرف ڈار، نذیر کرناہی، منظور شاہ، سید گلشن، مشتاق الاسلام، شعیب شاہ، عبدالمجید میر، ریاض احمد اعوان، عثمان علی ہاشمی بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 1182255
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش