اسلام ٹائمز۔ کرم کے معاملے پر امن جرگہ کل منگل کو پھر منعقد ہوگا، عمائدین مسودے پر دستخط کرنے پر راضی ہوگئے ہیں، جس کے بعد امن معاہدے میں ڈیڈ لاک ختم ہونے کا امکان ہے۔ امن جرگہ تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کرسکا ہے، کیونکہ ایک فریق کے عمائدین نے امن معاہدے پر تاحال دستخط نہیں کیے۔ حکومتی اراکین اور عمائدین ایک بار پھر سر جوڑ کر بیٹھیں گے، امن جرگے میں تنازع کے حل کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک فریق نے مشاورت کیلئے وقت مانگا تھا، تاہم اب امن معاہدے کے مسودے پر دستخط کے لیے عمائدین کو راضی کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پشاور تا پاراچنار مرکزی شاہراہ اڑھائی ماہ سے زائد عرصہ سے بند ہے۔ پاراچنار سمیت اپر کرم کے کئی دیہات کے لوگوں کو خوراک اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔