اسلام ٹائمز۔ پاسبان حریت جموں کشمیر حق خودارادیت مہم کے سلسلے میں 5 جنوری کو سینٹرل پریس کلب کے سامنے عوامی ریلی کا انعقاد کرے گی۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل 5 جنوری 1949ء کی قرارداد پر عملدرآمد کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔ پاسبان حریت جموں کشمیر کی طرف سے میڈیا کے نام جاری کیے گئے ایک بیان میں پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر بھر میں شروع کی گئی حق خودارادیت مہم کے سلسلے میں ضلع نیلم اور جہلم کے ہیڈکوارٹرز میں پیدل مارچ اور ریلیوں کے بعد 5 جنوری یوم حق خودارادیت کے موقع پر دارالحکومت میں عوامی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام ریاست کے سیاسی مستقبل کے تعین کے لئے حق خودارادیت کے مطالبے کو تقویت پہنچائیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ بیس کیمپ کے عوام مظفرآباد اور آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں 5 جنوری کو ریلیوں، جلسے جلوسوں کا اہتمام کر کے عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی حکومت مقبوضہ کشمیر میں جبرواسبتداد کے ذریعے عوامی تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن کشمیر کے عوام تمام تر ظلم کے باوجود اپنی تحریک آزادی کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں کہا کے ریاست کے سیاسی مستقبل کے تعین کے لئے پاسبان حریت جموں کشمیر آزاد کشمیر کے ہر ضلعے، قصبے اور علاقے میں پہنچ کر عوام کو متحرک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے جذبہ حریت کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ وہ بھارتی سامراج کے سامنے مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت سازشوں، حیلے بہانوں اور فوجی طاقت کے بے تحاشہ استعمال سے مسئلہ کشمیر کو الجھانے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے دیرپا اور منصفانہ حل کیلئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے مطالبے کی مکمل حمایت کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی سطح ہر جارحانہ سفارتکاری کا آغاز کر کے بھارتی جنگی جرائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے پاس شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کے اقدامات کا مطالبہ کرے۔