0
Thursday 2 Jan 2025 12:57

کشمیری 5 جنوری کو حق خودارادیت کا دن منائیں گے

کشمیری 5 جنوری کو حق خودارادیت کا دن منائیں گے
اسلام ٹائمز۔ کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 5 جنوری کو ”یوم حق خودارادیت“ کے طور پر منائیں گے اور اپنے اس عزم کی تجدید کریں گے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اپنے ناقابلِ تنسیخ حق”حق خودارادیت“ کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق ”یوم حق خودارادیت“منانے کی اپیل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے۔ اُس روز آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا کے تمام بڑے دارالحکومتوں میں احتجاجی مظاہروں، ریلیوں، سیمیناروں اور کانفرنسوں سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا اور اقوام کو یاد دلایا جائے گا کہ اسے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرانا چاہیے۔ 5جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے بھارت یا پاکستان کے ساتھ الحاق کے سوال کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا۔ یہ قرارداد دیرپا تنازعہ کے حل کی بنیاد فراہم کرتی ہے جو جنوبی ایشیا میں ایک جوہری فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد میں واحد رکاوٹ بھارت کا منفی رویہ، ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ہے۔ عالمی ادارے کی قرارداد پر اب تک عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری مسلسل مصائب و مشکلات کا شکار ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں استصواب رائے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ بیان میں مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں ریاستی دہشت گردی کی انتہا کر دی ہے، وہ عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی مقبوضہ علاقے میں دھجیاں اڑا رہی ہے، اس نے حریت رہنماﺅں اور کارکنوں سمیت پانچ ہزار سے زائد کشمیریوں کو جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کر رکھا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کو اس وقت بھارت کی طرف سے بدترین سفاکیت اور نسل کشی کا سامنا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی تمام تر ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں اپنی مزاحمت عزم و ہمت سے جاری رکھے ہوئے ہیں، بھارتی مظالم ان کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہو چکے ہیں اور وہ شہداء کے مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1181932
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش