0
Wednesday 1 Jan 2025 23:11

گلگت، ایم ڈبلیو ایم قائدین کی دینی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس

متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ کراچی میں پرامن مظاہرین پر سندھ حکومت کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال پر گلگت میں اسلامی تحریک، مرکزی انجمن امامیہ، نگر سپریم کونسل کے ذمہ داران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ترجمان غلام عباس نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے سندھ میں پرامن مظاہرین کیخلاف خون کی ہولی بند نہ کی تو اس پارٹی کیلئے گلگت بلتستان کی زمین تنگ کر دینگے۔ کراچی میں پرامن مظلوم مظاہرین پر جب پیپلزپارٹی کی حکومت حملے کرتی ہے تو پھر بگن میں مسافروں کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والوں میں کیا فرق رہ گیا، پیپلزپارٹی کی مرکزی اور مقامی قیادت جواب دے، یہ لوگ ووٹ لیتے وقت مساجد میں گھس جاتے ہیں، لیکن ان مواقع پر کہتے ہیں کہ ہم سکیولر ہیں، اگر آپ سکیولر ہیں تو آئندہ مساجد میں نہ آئیں۔
 
انہوں نے کہا کہ پی پی کے لوگ کہتے ہیں کہ ایم ڈبلیو ایم دھرنوں کے ذریعے سیاست چمکانے کی کوشش کر رہی ہے تو میں کہتا ہوں کہ کل سے پیپلزپارٹی والے دھرنا لگائیں، ہم آپ کے دھرنے میں بیٹھ جائیں گے، دھرنے کی ہم صرف میزبانی کر رہے ہیں اور اس دھرنے میں تمام جماعتوں کے لوگ شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کن لوگوں کے پے رول پر ہے، ہمیں سب پتہ ہے، ہمارے منہ مت کھلوائیں، کان کھول کر سن لیں، اگر سندھ میں خون کی ہولی بند نہ کی گئی تو پیپلزپارٹی کیلئے گلگت بلتستان کی زمین تنگ کر دینگے۔ انہوں نے پی پی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے پی کے حکومت سے الگ کیوں نہیں ہو جاتی، یہ کس دنیا میں رہتے ہیں معلوم نہیں، ہم پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں، خیبر پختونخواہ حکومت کے نہیں۔

کے پی کے حکومت میں ہمارا کونسا وزیر، مشیر ہے، پی ٹی آئی کے اتحادی ہونے کے باﺅجود ہم نے اس گنڈاپور حکومت کیخلاف جتنا احتجاج کیا ہے، کسی اور نے نہیں کیا، علامہ راجہ ناصر عباس نے اڈیالہ جیل میں کے پی کے کی نالائق حکومت کی نالائقوں کی تفصیلی شکایت بھی کی ہے۔ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی حکومت کے دور میں ہم نے اس حکومت کیخلاف بھی دھرنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ لوگ (پیپلزپارٹی) حکومت میں بھی ہے، وزارتوں کو انجوائی کر رہے ہیں، پھر بھی کہا جا رہا ہے کہ ہماری حکومت نہیں، تو پھر بتایا جائے کہ کس کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاراچنار کے مسئلے کو فرقہ ورانہ رنگ دے رہے ہیں، وہی لوگ گلگت بلتستان میں بھی فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، صوبائی حکومت کان کھول کر سن لے، ہمیں ایسے لوگوں کو لگام دینے اور ان کی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1181850
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش