0
Thursday 2 Jan 2025 11:25

ایم ڈبلیو ایم پاراچنار کے مظلومین کیساتھ کھڑی رہیگی، علامہ مقصود ڈومکی

ایم ڈبلیو ایم پاراچنار کے مظلومین کیساتھ کھڑی رہیگی، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاراچنار میں قیام امن کے حوالے سے جرگہ کی کامیابی خوش آئند ہے۔ مجلس وحدت مسلمین روز اول سے مظلومین پاراچنار کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام مظلومین پاراچنار سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی دھرنے کے ساتویں دن مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، عزاداری کونسل کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید غلام شبیر نقوی، مجلس علماء مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر مولانا سیف علی ڈومکی، عادل ولی بروہی، عرفان علی درویش و دیگر نے شہدائے اسلام اور شہدائے پاراچنار کی یاد میں شمعیں روشن کرکے شہدائے راہ حق کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر شہدائے راہ حق کی یاد میں منعقدہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شہداء نے اللہ تعالیٰ سے کیا ہوا اپنا عہد نبھایا اور خدا کے دشمنوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ عصر حاضر میں سعودی عرب حجاز مقدس میں شہید آیت اللہ باقر النمر، وطن عزیز پاکستان میں قائد شہید علامہ سید عارف الحسینی، عراق میں عظیم مجاہد شہید ابو مہدی المہندس، سرزمین فلسطین میں شہید اسماعیل ہانیہ، شہید یحی سنوار، لبنان میں شہید سید حسن نصراللہ اور خطے کے لئے سردار شہید قاسم سلیمانی کی جدوجہد اور قربانی نے اقوام عالم کو بیدار کر دیا۔ ان عظیم شہداء نے پوری دنیا میں جہاد فی سبیل اللہ اور راہ خدا میں صبر و استقامت کی وہ تصویر پیش کی جس سے عالمی استکبار اور شیاطین عالم خصوصاََ امریکا و اسرائیل سخت خوفزدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کرم اور پاراچنار میں قیام امن کے حوالے سے جرگہ کی کامیابی خوش آئند ہے۔ مجلس وحدت مسلمین روز اول سے مظلومین پاراچنار کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ گورنمنٹ نے ناجائز طور پر جبر و تشدد کرکے کراچی کے پرامن دھرنے اور مظاہرین پر طاقت کا استعمال کیا ہے۔ تعجب ہے کہ جمہوریت کی دعویدار جماعت پرامن دھرنوں سے اتنی خوفزدہ کیوں ہے؟ پیپلز پارٹی سے ایم ڈبلیو ایم کے کارکن کی شہادت اور سینکڑوں مومنین پر ظلم و تشدد اور پرامن کارکنوں کو زخمی کرنے کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر دھرنے شروع کئے گئے اور انہی کے حکم پر دھرنے ختم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ملک بھر کے ان عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے دھرنوں میں شرکت کرکے مظلومین پارا چنار سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مومنین کی بے مثال استقامت، بہادری، جہد مسلسل اور قائد وحدت کی مدبرانہ قیادت کے نتیجے میں یہ عظیم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1181920
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش