اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے آج ضلع پلوامہ کے علاقے ترال سے چار نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق بھارتی پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے پیراملٹری فورسز کے ساتھ مل کر ترال سے چار نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جن کی شناخت ترال پائین کے مدثر احمد نائیک اور عنایت فردوس راتھر، کچھمولہ ترال کے عمر نذیر شیخ اور کونسربل ترال کے سلمان نذیر لون کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے نوجوانوں کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے انہیں ایک مجاہد تنظیم کے کارکن قرار دیا اور ان سے ممنوعہ مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ قابض حکام کشمیری نوجوانون کو نشانہ بنانے کے لئے اس طرح کے جھوٹے الزام لگاتے رہتے ہیں۔