اسلام ٹائمز۔ سانحہ 9 مئی کے 67 میں سے 19 مجرمان کی سزائیں معاف کر دی گئیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق نو مئی 2023ء کے تحریکِ انصاف کے مظاہروں کے دوران عسکری املاک کو نقصان پہنچانے کے جرم میں سزا پانے والے 19 افراد کی سزائیں معاف کر دی گئی ہیں۔ ان تمام 19 مجرمان کو دو سال قید کی سزا سنائی گئی تھی اور انھیں مردان، دیر، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں عسکری املاک پر کیے گئے حملوں میں سزائیں دی گئی تھیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جمعرات کو جاری اعلامیے کے مطابق ’سزاؤں پر عمل درآمد کے دوران مجموعی طور پر 67 مجرمان نے قانونی حق استعمال کرتے ہوئے رحم کی پٹیشنز دائر کیں۔
ان میں سے 48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کے لیے کورٹس آف اپیل میں نظرثانی کے لیے ارسال کیا گیا اور 19 مجرمان کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنز پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا جبکہ رحم کی اپیل منظور ہونے پر 19 مجرمان کو ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے۔ اعلامیے کے مطابق دیگر تمام مجرمان کے پاس بھی اپیل کرنے اور قانون اور آئین کے مطابق دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں۔ سزاؤں کی معافی ہمارے منصفافہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔ یہ نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس سے قبل اپریل 2024ء میں قانون کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 20 مجرمان کی رہائی کا حکم صادر کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی نو مئی 2023ء کو گرفتاری کے بعد ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران عسکری املاک پر حملوں کے الزام میں متعدد گرفتاریاں کی تھیں۔ گذشتہ برس 21 دسمبر کو پہلے مرحلے میں 25 مجرمان کو مختلف مدت کے لیے قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ مزید 60 کی سزاؤں کا اعلان 26 دسمبر کو کیا گیا۔ سزاؤں کا اعلان 13 دسمبر کو پاکستان کی عدالت عظمی کی جانب سے فوجی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات میں سے مزید 85 ملزمان کے مقدمات کے فیصلے سنانے کی مشروط اجازت کے بعد کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ جن میں 19 افراد کو معافی دی گئی ہے ان میں سے 15 ان 60 افراد میں سے ہیں جنھیں 26 دسمبر کو سزا سنائی گئی تھی جبکہ چار ان 25 افراد میں سے ہیں جنھیں 21 دسمبر کو سزا سنائی گئی تھی۔ یہ واضح نہیں ہے کہ انھیں کس موقع پر گرفتار کیا گیا تاہم ان میں زیادہ تر افراد اپنی سزا کا بڑا حصہ پہلے ہی کاٹ چکے تھے۔