0
Thursday 2 Jan 2025 16:12

تعلیمی اصلاحات سے شعبے میں بہتری آئیگی، ترجمان بلوچستان حکومت

تعلیمی اصلاحات سے شعبے میں بہتری آئیگی، ترجمان بلوچستان حکومت
اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ تعلیمی اصلاحات کے تسلسل میں صوبے میں معیاری فروغ تعلیم اور شرح خواندگی میں اضافے میں معاون ثابت ہوگی۔ یہ بات انہوں نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ بلوچستان کابینہ نے مفاد عامہ میں اہم فیصلے کئے ہیں۔ بلوچستان واٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ سیکٹر پروگرام کے لئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی گئی۔ ورلڈ بینک کے سوفٹ لون کے تحت پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ منصوبے سے زرعی پانی کے درست استعمال اور واٹر مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔ بلوچستان کابینہ نے پالیسی گائیڈ لائن فار ٹریڈنگ ان کاربن مارکیٹس کی منظوری بھی دی ہے۔ جس کے تحت وفاقی سطح پر کاربن مارکیٹ ورکنگ گروپ بنے گا۔ ورکنگ گروپ میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہوگی۔ بلوچستان سمیت چاروں صوبوں کی باہمی مشاورت سے کاربن مارکیٹ سے متعلق پالیسی بنے گی۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے ریڈیو پاکستان سریاب روڑ کوئٹہ کی اراضی پر کرکٹ اکیڈمی کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔ بارہا کوششوں کے باوجود ریڈیو پاکستان یہ اراضی دینے کے لئے راضی نہیں ہوا۔ ریڈیو پاکستان بھی ریاست کا ایک ادارہ ہے۔ صوبائی حکومت کسی تنازعہ میں پڑنا نہیں چاہتی۔ کرکٹ اکیڈمی کو مناسب متبادل جگہ پر تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کابینہ نے صوبے کے دور دراز علاقوں کے اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ اسکولوں میں بنیادی سہولیات اور معیار تعلیم کی بہتری کیلئے ورلڈ بنک کے تعاون سے منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ کابینہ نے ایک سو ملین ڈالر کے پانچ سالہ منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کے تحت معیار تعلیم کی بہتری، اسکولوں سے باہر بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنے اور فاصلاتی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے بلوچستان فاؤنڈیشنل لرننگ پالیسی کی منظوری بھی دی ہے۔ یہ پالیسی بھی تعلیمی اصلاحات کے تسلسل میں صوبے میں معیاری فروغ تعلیم اور شرح خواندگی میں اضافے میں معاون ثابت ہوگی۔ بلوچستان کابینہ نے ٹیچرز کے تقرر، تعیناتی اور تبادلے سے متعلق ریگولرٹی ایکٹ 2024 کی بھی منظوری دی ہے۔ یہ ایکٹ ٹیچرز کی عارضی بھرتی پالیسی کو قانونی حیثیت دینے کے لئے لایا جا رہا ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد یہ ایکٹ بلوچستان اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ یونین کونسل اور مقامی سطح پر بھرتی ہونے والے اساتذہ کا تبادلہ کہیں اور نہیں کیا جاسکے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مقامی سطح پر میرٹ کے تحت بھرتیوں کے عمل میں شفافیت لانے کے عزم کو دہرایا ہے۔ تمام کابینہ نے میرٹ پر عملدرآمد کے لئے اصولی طور پر وزیراعلیٰ کے عزم سے اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کابینہ نے لیڈیز پردہ کلب کی بحالی کے لئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے احاطے کے لیز معاہدہ میں توسیع کا جائزہ بھی لے گی۔ دونوں فیسلٹیز خواتین کے لئے ایک عرصہ سے کام کر رہی ہیں۔ ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ صوبائی کابینہ کو بلوچستان میں ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات اور گرینڈ ہیلتھ الائنس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس متعلق صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ تفصیلی طور پر پریس کانفرنس میں تفصلات بتائیں گے۔ بلوچستان کابینہ نے پی پی ایل سے لیز معاہدہ میں توسیع سے متعلق مشروط منظوری بھی دی ہے۔ لیز توسیع معاہدے میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر سماعت مقدمے کو مدنظر رکھا جائے گا۔ کابینہ اراکین کو وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے پی پی ایل کی جانب سے تسلیم کئے گئے مطالبات سے آگاہ کیا۔ ڈیرہ مراد جمالی میں منظور شدہ بائی پاس منصوبے کی عملدرآمد میں تاخیر پر کابینہ نے تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس زیر التواء منصوبے سے متعلق این ایچ اے کو مراسلہ لکھا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1181960
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش