اسلام ٹائمز۔ صیہونی اخبار یدیعوت آھارنوت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شام میں صیہونی فوج کو جلد ہی نشانہ بنایا جائے گا۔ صہیونی اخبار یدیعوت آھارنوت (Yediot Aharnot) نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ شام میں موجود بعض صہیونی افسران اور فوجیوں کے مطابق ان فوجیوں کو جلد نشانہ بنایا جائے گا۔ اس اخبار کے مطابق صیہونی حکومت کے زیر قبضہ علاقوں کے باشندے اس حکومت کی فوج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے صیہونی افواج نے گولان کی پہاڑیوں میں داخل ہو کر نئے حصوں پر قبضہ کر لیا ہے اور ساتھ ہی 1974ء کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بفر زون پر بھی حملہ کیا۔ شام کے سرحدی علاقوں پر اپنی تجاوزات کے تسلسل میں صیہونی فوجیں حال ہی میں ریف قنیطرہ کے گاؤں سوسہ میں داخل ہوئیں اور تباہ کن کارروائیاں کیں۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سوسہ گاؤں کے مکینوں نے صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کئے۔ مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ صہیونی فورسز نے مظاہرین پر گولیاں چلائیں اور متعدد مظاہرین کو زخمی کردیا۔