اسلام ٹائمز۔ وزیر قانون گلگت بلتستان غلام محمد نے کہا ہے کہ انجمن امامیہ، وکلا اور دیگر تنظیموں کی جانب سے بھیجی گئی سفارشات ہم تک پہنچ گئی ہیں، سرسری مطالعے سے معلوم ہوا کہ لینڈ ریفارمز کیلئے ہماری طرف سے بنائے گئے مسودے اور اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے آنے والی تجاویز، سفارشات میں بہت زیادہ فرق نہیں ہے، اسٹیک ہولڈرز کی سفارشات، تجاویز بھی ہمارے مسودے کے اردگرد ہی ہیں، اسٹیک ہولڈرز کی سفارشات، تجاویز کو مذید پرکھنے، پڑھنے کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچ پائیں گے، سب چاہتے ہیں کہ لینڈ ریفارمز آئیں اور قانون سازی ہو، جب سب چاہتے ہیں تو اس میں بہت زیادہ مسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔
مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انجمن امامیہ بلتستان کی سفارشات ایس ایم بی آر کو بھیجی گئی تھیں، اس لئے اس وقت ہم نے کہا تھا کہ انجمن امامیہ کی سفارشات ہمیں موصول نہیں ہوئی ہیں، اب ہمیں ان کی سفارشات مل چکی ہیں دیگر تنظیمات کی جانب سے بھی اچھی تجاویز اور سفارشات آئی ہیں، ہم سب کی سفارشات/ تجاویز کو سامنے رکھ کر سمری بنائیں گے اور سب کے اتفاق رائے سے تیار کیا جانے والا مسودہ پبلک بھی کریں گے تاکہ سب کے اتفاق سے قانون پاس ہو سکے۔