اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دیا۔ مختلف علاقوں میں جاری احتجاج کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پہلے دن کہا تھا کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے۔ صوبائی حکومت نے ہمیشہ جائزہ احتجاج کی اجازت دی ہے۔ تاہم احتجاجاً قومی شاہراہیں کسی کو بند کرنے نہیں دیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز سے بلوچستان کے مختلف قومی شاہراہ احتجاجاً بند تھے۔ جس کے بعد بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے۔
ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے قومی شاہراہیں بند کرنے کا نوٹس لیا ہے۔ جس کے بعد یہ دفعہ 144 کا فیصلہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاج سے متعلق عدالت عالیہ بلوچستان کے آرڈرز پر عملدرآمد کریں گے۔ ترجمان نے ڈاکٹروں کے موقف کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے کسی بھی ہسپتال کو نجکاری کی طرف نہیں لے جا رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں تین مقامات پر احتجاج جاری ہیں۔ گزشتہ ادوار میں لاپتہ افراد کو احتجاج کے باعث بازیاب کروایا گیا ہے۔