اسلام ٹائمز۔ امریکی شہر نیو اورلینز میں لوگوں پر گاڑی چڑھانے والا ڈرائیور امریکی شہری تھا، ایف بی آئی نے تصدیق کردی۔ ایف بی آئی کے مطابق مشتبہ حملہ آور کی شناخت ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ شمس الدین جبار کے نام سے ہوئی ہے۔ مشتبہ حملہ آور کی گاڑی سے داعش کا جھنڈا بھی برآمد ہوا ہے، مشتبہ حملہ آور کے دہشت گرد تنظیم سے تعلق کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق گاڑی سے ہتھیار اور ممکنہ طور پر بارودی ڈیوائس بھی ملی ہے۔ فرینچ کوارٹر کے علاقے سے ممکنہ طور پر دیگر بارودی ڈیوائسز بھی ملی ہیں، گاڑی ممکنہ طور پر کرائے پر لی گئی تھی۔ واضح رہے کہ نیو اورلینز میں لوگوں پر گاڑی چڑھانے کے واقعے میں 10 افراد ہلاک، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 35 زخمی ہوئے تھے، جبکہ مشتبہ حملہ آور پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا تھا۔