0
Monday 30 Dec 2024 17:41

کرم میں ادویات کی قلت سے 128 بچے جاں بحق ہوئے، سماجی تنظیم کا انکشاف

کرم میں ادویات کی قلت سے 128 بچے جاں بحق ہوئے، سماجی تنظیم کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں اشیائے خورونوش اور ادویات کی قلت سنگین رخ اختیار کرگئی جب کہ سول سوسائٹی کی جانب سے ادویات کی قلت سے اب تک 128 بچوں سمیت 200 افراد کی اموات کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کرم میں راستوں کی بندش کو 84 روز ہو گئے ہیں، کرم میں راستوں کی بندش کے باعث ہر گزرتے دن صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ سماجی رہنما میر افضل خان کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث اشیائے خوردونوش اور روزمرہ اشیا ختم ہونے کی وجہ سے تمام بازار بند ہو گئے ہیں۔ 
 
مقامی رجسٹرڈ تنظیم سول سوسائٹی نے علاج وسہولیات نہ ملنے کے باعث 128 بچوں سمیت 200 افراد کی جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے، جاں بحق افراد میں کینسر کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد زیادہ ہیں جو ویکسین نہ ملنے سے دم توڑ گئے ہیں۔ سول سوسائٹی کے مطابق ہسپتال میں سہولیات فراہم نہ کی گئی اور ادویات کا بندوبست نہ کیا گیا تو مزید انسانی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آمد و رفت کے راستے مسافر گاڑیوں پر فائرنگ اور جھڑپوں کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کیے گئے ہیں اور مذاکراتی عمل کے ذریعے مسئلے کے حل کی کوشش کی جا رہی ہے۔
 
 ڈپٹی کمشنر کرم نے بتایا کہ فریقین کے درمیان جرگے جاری ہے، حتمی فیصلہ ہونے تک راستے کھل جائیں گے۔ جرگہ ممبر اور سابق وفاقی وزیر ساجد طوری نے بتایا کہ کوہاٹ میں ملتوی ہونے والا گرینڈ امن جرگہ ضلعی انتظامیہ نے کل 11 بجے طلب کیا ہے جس میں امن معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 1181416
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش