0
Monday 30 Dec 2024 15:28

پاکستان نے ایران میں مختلف جرائم میں ملوث 10 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کر دیئے

پاکستان نے ایران میں مختلف جرائم میں ملوث 10 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کر دیئے
اسلام ٹائمز۔ حکومت پاکستان نے ایران میں مختلف جرائم میں ملوث 10 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ پاکستانی کے معروف انگریزی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران میں مختلف جرائم میں ملوث 10 ہزار 50 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کر دیئے گئے ہیں، ان پاکستانی شہریوں پر مختلف جرائم کے الزامات تھے۔ ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق پاکستانی شہری انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی رہائش، منشیات، شدت پسندی اور دیگر جرائم میں گرفتار کیے گئے ہیں، جبکہ ایران نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں 5 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ 4 ہزار سے زائد پاکستانی غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کرنے کے جرم میں ایران میں گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ جرائم میں ملوث پاکستانی شہریوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جرائم میں ملوث پاکستانیوں کے پاسپورٹ 5 اور 7 سال کیلئے بلاک کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے جرائم میں ملوث پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں چند روز قبل یو اے ای میں منشیات کے جرائم میں ملوث 2 ہزار 470 پاکستانیوں کے پاسپورٹس بلاک کیے گئے۔ نومبر میں حکومت پاکستان نے عراق سے ڈی پورٹ 1500 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا عمل شروع کیا تھا، ابتدائی طورپر 50 پاکستانیوں کے پاسپورٹ 7 سال کیلئے بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزرات داخلہ کے ذرائع کے مطابق عراق سے ایک ہزار500 سے زائد پاکستانی شہری گزشتہ 6 ماہ میں ڈی پورٹ ہوئے ہیں جن کے پاسپورٹ بلاک کیے جائیں گے۔

اکتوبر میں حکومت پاکستان نے سعودی عرب میں قید 4 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کیے تھے۔ سعودی عرب کی حکومت نے ان 4 ہزار پاکستانی شہریوں کو بھیک مانگنے اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا تھا۔ ان پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ 7 سال کیلئے بلاک کیے گیے ہیں۔ سعودی عرب میں گرفتار60 فیصد سے زائد شہریوں کا تعلق صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ہے۔
خبر کا کوڈ : 1181396
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش