اسلام ٹائمز۔ سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل کے نکات سامنے آ گئے ہیں۔ سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل کے مطابق جو مدارس سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل کے نفاذ سے پہلے قائم ہوئے ہیں وہ 6 ماہ میں رجسٹریشن کروائیں اور جو دینی مدارس اس بل کے بعد قائم ہوئے ہیں وہ ایک سال میں رجسٹریشن کروائیں۔ بل کے متن کے مطابق جن دینی مدارس کے ایک سے زیادہ کیمپس ہیں، انہیں صرف ایک رجسٹریشن کی ضرورت ہو گی، ہر دینی مدرسہ اپنی سرگرمیوں کی سالانہ رپورٹ رجسٹرار کو جمع کروائے گا۔
سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل کے مطابق ہر مدرسہ اپنے حسابات کا آڈٹ کروا کے آڈٹ رپورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کروائے گا، کوئی بھی مدرسہ شدت پسندی، مذہبی منافرت پر مبنی مواد نہ شائع کرے گا نہ پڑھائے گا۔ واضح رہے کہ صدر پاکستان آصف زرداری نے سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ 2024 پر دستخط کر دیئے ہیں۔ صدر کے دستخطوں کیساتھ ہی بل قانون بن گیا ہے۔ قومی اسمبلی جلد گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کرے گی۔ قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی۔