اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعة المنتظر ماڈل ٹاون میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان دنیا میں خالی ہاتھ آیا اور خالی ہاتھ ہی واپس جائے گا۔ فلسفہ نماز یہی ہے کہ سب انسان برابر ہیں۔ انہوں نے کہا حکم ہے کہ رسول اکرم جو دیں وہ لے لو اور جس سے وہ روکیں اس سے رک جاو۔ انہوں نے کہا رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جمعہ کیلئے باقاعدہ تیاری کرکے آتے تھے، مسواک کرتے، اور خوشبو لگا کر جمعہ کی نماز کیلئے تشریف لاتے۔ آج کے دور میں ایسا نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ رکوع کی حالت میں جس طرح اللہ کیلئے ہم جھکتے ہیں اس طرح کسی کے سامنے جھکنا جائز نہیں۔ حافظ ریاض نجفی نے کہا نماز انسان کیلئے معراج ہے، جب انسان سجدہ میں جاتا ہے تو گویا یہ اقرار کر رہا ہوتا ہے کہ میں عبد ذلیل ہوں اور بلند و بالا صرف ذات پروردگار ہے۔
انہوں نے کہا نماز میں خلوص تب ہوگا جب انسان کے ذہن میں کوئی بھی دوسرا خیال نہ آئے۔ نماز کے دوران خیالات سے بچنے کیلئے امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں کہ اگر نماز میں خیالات سے بچنا ہے تو نماز کے ترجمہ کو یاد کریں اور اس کی طرف متوجہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سورہ فاتحہ زندگی ہے، موت کیلئے مخصوص نہیں۔ اگر کسی مردہ پر 70 مرتبہ سورہ فاتحہ پڑھ لیں اور وہ زندہ ہو جائے تو اس پر تعجب نہ کریں۔ وفاق المدارس کے صدر نے کہا کہ ہمارے اعمال کو امام زمانہ علیہ السلام کی بارگاہ میں ہر شب جمعہ پیش کیا جاتا ہے، امام صادق ؑکے پاس کچھ لوگ آئے تو مولا نے فرمایا کہ کیوں تم لوگ رسول اللہ کو اذیت دیتے ہو انہوں نے کہا مولا وہ کیسے؟ تو امام نے فرمایا تمہارے سارے اعمال ہر جمعہ رسول اللہ کی بارگاہ میں جاتے ہیں اور اسی طرح ہر جمعہ وقت کے امام کی خدمت میں بھی پیش کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نماز چھپی ہوئی اور ظاہر تمام برائیوں سے انسان کو بچاتی ہے۔ حافظ نجفی نے پارا چنار کے راستوں کی بندش مذمت کرتے ہوئے انہیں کھلوانے کا مطالبہ کیا اور شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔