اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے راہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کا اعلان 9 مئی اور 26 نومبر سے بڑا جرم ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے راہنما جاوید لطیف نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی پہلے بانی پی ٹی آئی نے تشکیل دی، اس کے جواب میں حکومتی کمیٹی بنائی گئی۔ میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ دونوں سائیڈ سےاصولی موقف نہیں ہے، دونوں سائیڈ سے خوش دلی سے کمیٹیاں نہیں بنائی گئیں، ایسی کمیٹیاں نیتجہ خیزثابت نہیں ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی کی باربار دھمکیاں دی جاتی ہیں، کیا سول نافرمانی 9 مئی سے بڑا جرم نہیں ہے۔؟ سول نافرمانی ریاست دشمنی ہوتی ہے، امریکا میں لابنگ فرم ہائرکی گئی۔
راہنما نون لیگ نے کہا کہ حکومت پریشان نہیں ہے، پہلے کہتے تھے ہم کوئی غلام ہیں، اب منت سماجت ہو رہی ہے۔ جنہوں نے بانی کو آفر کی انہیں بےنقاب ہونا چاہیے، جو آفر کیا جا رہا ہے اسے بھی پبلک ہونا چاہئے، ریاست کو اپاہج کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ میاں جاوید لطیف نے کہا کہ سول نافرمانی ریاست اور ملک کیخلاف دشمنی ہوتی ہے، پاکستان پر کس وجہ سے دباؤ بڑھ رہا ہے چیزیں سامنے آنی چاہئیں۔ انہوں الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اداروں کے اندر کچھ لوگ بھی سہولت کاری کر رہے ہیں، یہ ڈونلڈ ٹرمپ سے آج امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔ جاوید لطیف نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات سے پہلے اپنی غلطیوں کی معافی مانگے، اگر سول نافرمانی تحریک کامیاب ہوگئی تو ریاست کیسے چلے گی۔؟ ایک بار سول نافرمانی چل پڑی تو ریاست کو بچانے والا کون ہوگا۔