اسلام ٹائمز۔ سندھ پولیس نے یکم جنوری سے دسمبر 2024ء کی سالانہ کارکردگی رپورٹ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو پیش کر دی، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں گزشتہ سال کی نسبت واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2024ء میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کے قتل کے 98 کیسز میں 75 (77 فیصد) مقدمات کو حل کرتے ہوئے 112 ڈکیت گرفتار جبکہ 33 ہلاک ہوئے، دوران ڈکیتی شہریوں کو زخمی کیے جانے کے 321 کیسز میں سے 226 (71 فیصد) مقدمات کو حل کرتے ہوئے 332 کریمنلز گرفتار جبکہ 36 ہلاک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سکھر، گھوٹکی، کشمور اور شکارپور کے کچا ایریاز میں جاری آپریشنز کے نتیجے میں ڈاکوؤں سے 559 مقابلوں میں 73 ڈاکو ہلاک، 120 زخمی جبکہ 378 گرفتار کیے گئے، ڈاکوؤں کے قبضے سے 436 کی تعداد میں مختلف اقسام کا اسلحہ و ایمیونیشن برآمد کیا گیا، ڈاکوؤں و کریمنلز سے مقابلوں کے دوران 19 پولیس ملازمان شہید، جبکہ 31 زخمی بھی ہوئے، پولیس نے انٹیلیجنس بیسڈ اطلاعات کے تحت 618 شہریوں کو ہنی ٹریپ سے بچایا، صوبے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف 3864 پولیس مقابلوں میں 1782 جرائم پیشہ گروہوں کو ختم کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 7383 کریمنلز کو موقع پر ہی رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، مجموعی طور پر 342 ڈکیت و کریمنلز ہلاک جبکہ 21 ہزار 504 گرفتار ہوئے، 5 نوٹیفائیڈ ڈاکو ہلاک جبکہ 8 گرفتار ہوئے، اس کے علاوہ 3 ہائی ویز ڈکیت ہلاک جبکہ 26 گرفتار ہوئے اور ان کے قبضے س 2 ایل ایم جیز، 14 جی تھری رائفلز، 180 ایس ایم جیز و کلاشنکوف، 644 رائفلز و شاٹ گنز، ریپیٹرز، ایم پی فائیو، 9 ہزار 400 پستول، ریوالورز، ماؤزر، 42 ہینڈ گرنیڈز، 78 ہزار 748 گولیاں و کارٹیرجز برآمد کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق منشیات مافیاز کے خلاف 10 ہزار 692 چھاپوں کے تحت 12 ہزار 200 مقدمات درج کرتے ہوئے 14 ہزار 506 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 117 کلو 378 گرام آئس، 57 کلو 697 گرام ہیروئن، 9 ہزار 96 کلو 411 گرام چرس، 104 کلو 469 گرام افیون، جبکہ 3 لاکھ 61 ہزار 544 لیٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔