0
Wednesday 1 Jan 2025 21:39

صنعاء کیخلاف امریکی و برطانوی حملوں کی ایران کیجانب سے شدید مذمت

صنعاء کیخلاف امریکی و برطانوی حملوں کی ایران کیجانب سے شدید مذمت
اسلام ٹائمز۔ ایرانی ڈپٹی وزیر خارجہ و وزارت خارجہ کے شعبہ خلیج فارس کے سربراہ محمد علی بک نے یمنی دارالحکومت صنعاء کے مختلف حصوں پر امریکہ و برطانیہ کے وسیع ہوائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان حملوں کا مقصد غاصب و سفاک صیہونی رژیم کی جانب سے غزہ میں انجام پانے والے کھلے جنگی جرائم کی مذموم حمایت ہے۔ محمد علی بک نے یمنی سرزمین پر امریکہ و برطانیہ کی بار بار کی فوجی جارحیت کو بین الاقوامی قوانین و اقوام متحدہ کے منشور سمیت یمنی خودمختاری و جغرافیائی سالمیت کی بھی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور مظلوم فلسطینی شہریوں کی نسل کشی پر مبنی غاصب صیہونی رژیم کی گھناونی پالیسی کے تسلسل کو مغربی ایشیائی خطے میں جاری تمام لڑائیاں کی حقیقی وجہ قرار دیتے ہوئے اس قابض رژیم کے جنگی جنون کے باعث خطے کے اور عالمی امن و سلامتی پر پڑنے والے انتہائی منفی اثرات پر سختی کے ساتھ خبردار کیا۔ اپنے مذمتی بیان میں اعلی ایرانی سفارتکار نے تاکید کی کہ یمنی سرزمین پر ہونے والے امریکی حملوں کے تسلسل کا مقصد خطے کے استحکام کے ساتھ ساتھ یمنی بحران میں شریک ممالک و مسلح گروہوں کے درمیان جاری ''امن عمل'' و ''جنگ بندی'' کو بھی تباہ کر ڈالنا ہے۔ اپنے بیان کے آخر میں محمد علی بک نے امریکہ و برطانیہ کو خطے کی خطرناک و غیر متوقع صورتحال کے منفی نتائج کا براہ راست ذمہ دار بھی قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 1181837
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش