اسلام ٹائمز۔ ائیر وائس مارشل عامر حیات کو دوبارہ پی آئی اے کا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے ائیر وائس مارشل عامر حیات کو دوبارہ سی ای او پی آئی اے تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق عامر حیات مستقل سی ای او کی تعیناتی تک قائم مقام سی ای او تعینات کیا گیا ہے۔ پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش پر عامر حیات کو قائم مقام سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ائیر لائن میں خرم مشتاق قائم مقام سی ای اوپی آئی اے کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ اُدھر خرم مشتاق کو پی آئی اے کا چیف آپریٹنگ آفیسر مقرر کر دیا گیا، جبکہ چیف آف ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے طور پر انعام اللہ قریشی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ امان اللہ قریشی اس سے قبل قائم مقام سی او او کی ذمہ داریاں بھی سنبھالے ہوئے تھے۔