اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں نے حلقہ پی بی 45 کے 15 پولنگ اسٹیشنز پر ہونے والے انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچویں نمبر پر آنے والے امیدوار کو جیتوایا گیا ہے۔ جے یو آئی کے رہنماؤں مولانا عبدالرحمٰن رفیق، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری جنرل حاجی بشیر احمد کاکڑ اور دیگر نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ جمہوریت کے ساتھ کھلا مذاق اور عوامی رائے پر ڈاکا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اس طرح کے نتائج جمہوریت کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہیں اور ایسے اقدامات ملک میں عوام کے اعتماد کو تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمہوری نظام کو یرغمال بنانے والے اور عوام دشمن عناصر حالات کی خرابی کے براہ راست ذمہ دار ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت اور الیکشن صرف ایک ڈھونگ بن چکا ہے۔ جسے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک کو ان عوام دشمن عناصر سے پاک کیا جائے اور شفافیت اور انصاف پر مبنی نظام قائم کیا جائے۔ جمعیت علماء اسلام کے ساتھ دھوکہ دہی پر عوام اور کارکنان اپنے حق کے تحفظ کے لیے میدان میں نکلنے کے لیے قائدین کے حکم کے منتظر ہوں گے۔