0
Monday 6 Jan 2025 23:55

وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ ملتان، ایمرسن یونیورسٹی کے 384 طلباء کو چیک اور سرٹیفکیٹ تقسیم 

وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ ملتان، ایمرسن یونیورسٹی کے 384 طلباء کو چیک اور سرٹیفکیٹ تقسیم 
اسلام ٹائمز۔ ہونہار اسکالرشپ کی تیسری تقسیم تقریب ملتان میں منعقد ہوئی، جس میں پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے 384 ہونہار طلباء و طالبات کو اسکالرشپ ایوارڈز اور مالی معاونت کے چیک دیئے گئے۔ یہ پروقار تقریب بہاوالدین زکریا یونیورسٹی کے سپورٹس گراونڈ میں منعقد کی گئی۔ تقریب کی مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز تھیں، جنہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکالرشپ پروگرام نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔

تقریب میں ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد رمضان، رجسٹرار ڈاکٹر محمد فاروق، فوکل پرسن ڈاکٹر قرۃ العین، اساتذہ، اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اسکالرشپ حاصل کرنے والے 384 طلباء و طالبات میں 214 طلبہ اور 170 طالبات شامل تھیں۔ یہ طلباء مختلف اضلاع اور تحصیلوں سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں ملتان، بہاولنگر، بھکر، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، جہانیاں، جلال پور جٹہ، جھنگ، کبیر والا، خانیوال، کوٹ ادو، لیہ، لودھراں، میانوالی، مظفرگڑھ، راجن پور، ساہیوال، تونسہ، وہاڑی، اور ٹوبہ ٹیک سنگھ شامل ہیں۔ 

اس موقع پر مریم نواز نے لیپ ٹاپ سکیم، الیکٹرک بائک سکیم، آسان اقساط پر قرضہ اور جدید آئی ٹی پروگرام کو بھی جلد ہی شروع کرنے کا اعلان کیا۔ طلباء کی سہولت کے لیے خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے تھے، جہاں ایمرسن یونیورسٹی کے نمائندے موجود تھے، تاکہ طلباء کی رہنمائی کی جا سکے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ایمرسن یونیورسٹی کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد رمضان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایمرسن یونیورسٹی کی طرف سے یادگاری سووینئر پیش کیا اور ان کی تعلیم کی ترقی کے لیے خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا، "یہ اسکالرشپ نہ صرف طلباء کے مالی بوجھ کو کم کرتا ہے بلکہ انہیں اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ وزیراعلیٰ کے وژن اور تعلیم کے فروغ کے لیے عزم کا ثبوت ہے۔ تقریب کے اختتام پر طلباء و طالبات نے وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکالرشپ ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور وہ مستقبل میں اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 1182815
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش