اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ظلم و بربریت کے سامنے احتجاج فطرت انسانی کی آواز اور عظیم عبادت ہے۔ مظلومین پاراچنار کے حق میں آواز بلند کرکے کراچی کے بیدار اور شجاع عوام نے قوم کو بیداری اور استقامت کا درس دیا۔ احتجاج اور پیدل مارچ کے حوالے سے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دھرے معیار کا ثبوت دیا ہے۔ بھٹو کی یاد پیدل چلنے والوں نے چند سال قبل سندھ بھر میں مشی اربعین واک کے خلاف مقدمات درج کئے تھے۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ مقصود ڈومکی نے دورہ کراچی کے دوسرے دن سانحہ کراچی میں شہید ہونے والے شہید سید شبیہ حیدر زیدی کے گھر پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور تسلیت کا اظہار کیا۔ بعد ازاں امروھا سوسائٹی میں ممتاز عالم دین علامہ سید کاظم عباس نقوی اور سید سعادت حسین نقوی سے ملاقات کی۔ انہوں نے وحدت ہاؤس ضلع ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں صدر ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر سید احسن عباس رضوی سمیت دیگر عہدیداران سے بھی ملاقات کی۔ علامہ مقصود ڈومکی نے گذشتہ دنوں ملیر میں مظلومین پاراچنار کی حمایت میں جاری احتجاج پر سندھ پولیس کی بربریت کے حوالے سے تفصیلات معلوم کیں، بعد ازاں شہداء و زخمیوں کے گھر جا کر تعزیت اور عیادت کی۔ اس موقع پر ضلعی پولیٹیکل سیکرٹری عارف رضا، عمران نقوی، محمد علی زیدی، ذوالفقار رضوی و دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی ابتر صورتحال ہے۔ پورا سندھ ڈاکوؤں اور رہزنوں کے حوالے ہے۔ چوری ڈاکے اور اغواء برائے تاوان روز کا معمول بن چکے ہیں۔ گذشتہ کئی سالوں سے ڈاکوؤں کے سامنے بے بس سندھ حکومت نے نہتے اور پرامن مظاہرین پر گولیاں چلائیں۔ سوال یہ ہے سندھ حکومت یہ گولیاں ڈاکوؤں کے خلاف کیوں نہیں چلاتی؟ جبکہ سندھ کے عوام کو اغواء برائے تاوان میں ملوث ڈاکو اور چوروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام کے مسلسل اصرار کے باوجود سندھ حکومت کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کرنے سے گریزاں ہے۔ امن و امان کی بدترین صورتحال کے سامنے بے بس اور بے حس پیپلز پارٹی کی سندھ گورنمنٹ نے نہتے شہریوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کے سامنے بڑی ڈٹھائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیدھی گولیاں چلائیں، پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کو جواب دے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری فلاح و بہبود ارشد اللہ مکتبی مرحوم کی مجلس سوئم میں بھی شرکت کی اور مرحوم کے ورثاء سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم ارشد اللہ مکتبی کی دینی اور تنظیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔