0
Tuesday 7 Jan 2025 07:57

بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، مقررین سیمینار

بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، مقررین سیمینار
اسلام ٹائمز۔ پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام مظفراباد میں ”یوم حق خودارادیت اور تنازعہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں” کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں کہا گیا کہ جب تک کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں یہ مسئلہ ختم نہیں ہو سکتا۔ ذرائع کے مطابق سیمینار کا انعقاد پاک فوج، ڈویژنل انتظامیہ اور کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے تعاون سے کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارادوں کی موجودگی میں کسی ملک یا اسمبلی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت سے متعلق کوئی فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے بلکہ کشمیریوں کا حق خودارادیت پاکستان کے آئین میں شامل ہے۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، جدوجہد آزادی کو دبانے کے لئے بھارت کا کوئی ہتھکنڈا کامیاب نہیں ہو سکا، اس لئے اس نے آخری حربے کے طور پر کشمیریوں کے اندر تقسیم اور تفریق پیدا کرنے کی سازشیں شروع کر رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اتحاد و یگانگت سے بھارت کی اس مکروہ سازش کو ناکام بنانا ہے۔ بھارت شروع دن سے ہی اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر کو نکالنے کی کوششیں کر رہا ہے لیکن پاکستان نے یہ کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں۔ سیمینار سے دیگر لوگوں کے علاوہ کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن، سیکٹر کمانڈر آئی ایس پی آر بریگیڈیئر طارق سہیل، ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان، راجہ زاہد محمود،  لیکچرر جامعہ کشمیر مدیحہ شکیل اور ڈائریکٹر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ طارق محمود بٹ نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے علاوہ اعلیٰ سرکاری و عسکری حکام اور جامعات کے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1182829
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش