0
Tuesday 7 Jan 2025 12:08

علی رضا سید کی طرف سے شہدائے سوپور کو شاندار خراج عقیدت

علی رضا سید کی طرف سے شہدائے سوپور کو شاندار خراج عقیدت
اسلام ٹائمز۔ کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں 6 جنوری 1993ء کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی قابض فورسز نے 6 جنوری 1993ء کو سوپور قصبے میں نہتے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے کم سے کم 60 افراد کو شہید اور سینکڑوں دکانوں اور مکانوں کو نذر آتش کر دیا تھا۔ برسلز میں شہدائے سوپور کی یاد میں کشمیر کونسل ای یو کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی رضا سید نے کہا کہ آج سوپور قتل عام کو تین دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی اس اندوہناک سانحے کے زخم آج بھی کشمیری عوام کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے سوپور میں 25 سے زائد مسافر بھی شامل تھے جنہیں بھارتی فورسز نے ایک مسافر بس پر فائرنگ کر کے شہید کیا تھا۔

علی رضا سید نے بھارتی فورسز کی اس وحشیانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی دردناک ہے جسے ہرگز فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ فوجیوں نے اس روز ایک خاتون سے 6 ماہ کے بچے کو چھین کر آگ میں پھینک دیا تھا اور خاتون کو گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ سوپور کشمیریوں کے خلاف بھارت کے ریاستی ظلم و ستم کی ایک واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی تھی بلکہ اس سے ریاستی طاقت کے وحشیانہ استعمال کی بھی غمازی ہوتی ہے۔ علی رضا سید نے کہا کہ یہ واقعہ عالمی برادری کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سانحے اور مقبوضہ کشمیر میں اس طرح کے دیگر واقعات کی شفاف تحقیقات کروا کر ان میں ملوث اہلکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور انہیں سزائیں دلوانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔ علی رضا سید نے عالمی برادری سے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے موثر کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی۔
خبر کا کوڈ : 1182856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش