اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ اس نے کل نصف شب غزہ کی پٹی سے نیٹیووٹ بستی پر متعدد راکٹ فائر کیے۔ یہ راکٹ حملے صہیونی فوج کے ہاتھوں شہریوں کے قتل عام کے جواب میں کیے گئے۔ قابض فوج نے اعتراف کیا کہ اس نے غزہ کی پٹی سے نیتیووٹ کے علاقے کی طرف داغے گئے دو راکٹوں کا سراغ لگایا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے ایک کو بغیر کسی جانی نقصان کے روک دیا گیا، جب کہ دوسرا کھلے علاقے میں گرا۔ عبرانی میڈیا کے مطابق گذشتہ چند دنوں میں شمالی غزہ کی پٹی میں جہاں قابض اسرائیلی فوج کی بھاری نفری تعینات ہے وہاں سے راکٹ حملے کیے گئے ہیں، جن میں بیت حانون سے ایک "حیرت انگیز” کارروائی بھی شامل ہے۔ القدس بریگیڈز نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی گاڑیوں کے ایک قافلے کو جبالیہ کیمپ کے وسط میں اینٹی آرمر ڈیوائسز کے میدان میں تباہ کر دیا جس کے نتیجے میں کئی صیہونی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب القدس بریگیڈز نے مقبوضہ بیت المقدس اور تل ابیب میں اسرائیلی تنصیبات پر راکٹ حملے کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے یہ حملے غزہ میں قتل عام اور مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے رد عمل میں کیے ہیں۔