اسلام ٹائمز۔ شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سوموار کے روز ہائپر سونک وار ہیڈ سے لیس درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو آواز کی رفتار سے بارہ گنا تیز ہے۔ رپورٹ کے مطابق پیونگ یانگ کا کہنا ہے کہ اس میزائل سے خطے میں موجود کسی بھی دشمن کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ یہ پچھلے دو ماہ میں شمالی کوریا کی جانب سے کیا جانے والا پہلا میزائل تجربہ ہے۔ یہ تجربہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن جنوبی کوریا کے رہنماؤں سے مذاکرات کے لیے سیول میں موجود تھے۔ ہائپر سونک میزائل آواز کی رفتار سے پانچ گنا تیزی سے سفر کرتے ہیں اور انھیں روکنا کافی مشکل ہوتا ہے۔ شمالی کوریا کا دعوی ہے کہ اس کا نیا میزائل آواز کی رفتار سے 12 گنا تیز پرواز کر سکتا ہے۔ اس سے قبل جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا سے فائر کیا جانے والا میزائل 1100 سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔