اسلام ٹائمز۔ لبنانی مزاحمتی محاذ کے پارلیمانی اتحاد الوفاء للمقاومة کے سینیئر رکن ايهاب حمودہ نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں ایسا صدر منتخب کیا جانا چاہیئے جو لبنانی خودمختاری اور اس کی بھرپور حمایت کا پابند ہو۔ میڈیا کے ساتھ گفتگو میں ایہاب حموده نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صدر وہ شخص ہونا چاہیئے جو لبنانی عوام کی امنگوں کو بر لائے تاہم اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ وہ لبنان میں ایسا صدر تعینات کر سکتا ہے جو امریکی و صیہونی منصوبوں کو آگے بڑھائے گا تو وہ سخت غلطی پر ہے! انہوں نے تاکید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم اندرونی سیاسی مسائل میں پوری قوت کے ساتھ فعال ہیں اور لبنانی قومی مفاد کے تحت اپنی اراء کا پوری قوت، اقتدار و دور اندیشی کے ساتھ اظہار کرتے رہیں گے۔
قبل ازیں لبنانی مزاحمت کے ساتھ منسلک پارلیمانی اتحاد کے ایک دوسرے رکن حسن فضل اللہ نے بھی اعلان کیا تھا کہ ہم ایک ایسا صدر چاہتے ہیں جو ملکی مفادات کے تحفظ پر مبنی خصوصیات کے تحت صرف اور صرف لبنانی عوام کے ارادے سے منتخب ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ منتخب صدر کو ائندہ کے مراحل میں پیش آنے والے تصادم و مشکلات کے دوران تمام امور کے ادارے کے قابل ہونا چاہیئے کہ جن میں دشمن کی جانب سے ملکی خود مختاری کی خلاف ورزی سرفہرست ہے!