اسلام ٹائمز۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری ملتان کے جیالوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پیپلزپارٹی ملتان کی تنظیمی صورتحال میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں جبکہ 2025 بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی کا سال ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار صدر پاکستان پیپلزپارٹی صوبہ سندھ نثار احمد کھوڑو نے ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی ملتان محمد سلیم راجہ اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی ملتان شہر حاجی امین ساجد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ آنے والے دور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ثابت ہوگا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے شہید نانا ذوالفقار علی بھٹو اور شہید والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی بصیرت کو اپناتے ہوئے اپنی سیاسی بصیرت کا لوہا منوا چکے ہیں اور آج مخالفین بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی سوچ سوجھ بوجھ کے معترف ہیں۔
صوبائی صدر سندھ نثار احمد کھوڑو نے مزید کہا کہ پانچ جنوری کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی، شہید ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جائے گا کیونکہ شہید بھٹو ایک طارق ساز اور عہد افرین شخصیت کے مالک تھے، شہید ذوالفقار بھٹو کے شاندار کارناموں کی فہرست تو بہت طویل ہے مگر پاکستان میں آئین کا نفاذ، ملک کو ایٹمی قوت بنانا اور قادیانیوں کو غیرمسلم اقلیت قرار دینا شہید بھٹو کے عظیم کارناموں میں سے ہیں، جبکہ شہید بھٹو کا شمار دنیا کی عظیم رہنماوں میں ہوتا ہے وہ پاکستان کی تاریخ بلکہ مسلم امہ کی تاریخ کا ناقابل فراموش کردار ہیں، پاکستان کی سیاست آج بھی ان کے گرد گھومتی ہے۔