اسلام ٹائمز۔ کاؤنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پولیس کے ڈیٹا کے مطابق رواں سال فتنہ الخوارج کے 270 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 802 گرفتار کیے گئے، دہشتگردی کے کیسوں میں ملوث ملزمان کی سزاؤں کی شرح 38 فیصد رہی۔ خیبر پختونخوا کے محکمہ پولیس نے سال 2024ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس کے ڈیٹا کے مطابق رواں سال فتنہ الخوارج کے 270 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 802 گرفتار کیے گئے، دہشتگردی کے کیسوں میں ملوث ملزمان کی سزاؤں کی شرح 38 فیصد رہی۔ خیبر پختونخوا میں رواں سال بھتہ خوری میں ملوث 132 ملزمان اور 13 اغوا کاروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ مختلف جرائم کی 2 لاکھ 18 ہزار سے زائد ایف آئی آر درج کی گئیں۔
خیبر پختونخوا پولیس حکام کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس ترمیمی بل 2024 منظور کیا گیا ،نیشنل ایکشن پلان کے تحت 12 ہزار 601 سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیے گئے اور 67 ہزار 938 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس دوران صوبے بھر میں 19 ہزار 481 اشتہاریوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ پولیس کے مطابق صوبے بھر میں کارروائیوں کے دوران 7 خودکش جیکٹیں، 160 ہینڈ گرنیڈ، 6 راکٹ لانچر، 6 ہزار 700 شاٹ گن، 50 ہزار پستول اور 5 لاکھ سے زائد کارتوس برآمد کیے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق شانگلہ میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں اے ایس آئی سمیت 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔ رواں سال خیبر پختونخوا پولیس کے 149 سپاہی شہیداور 232 زخمی ہوئے ہیں جبکہ انسداد منشیات اور دیگر کارروائیوں میں 28 ہزار کلوگرام سے زائد مختلف قسم کی منشیات برآمد کی گئیں۔