اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں سابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملک کی مجموعی صورتحال تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہاکہ ملک کو درپیش حالات سے نمٹنے کیلئے اتحادی حکومت کا چلنا بہت ضروری ہے۔ اپوزیشن سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی ملک کی بہتری کیلئے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ اتحادی حکومت میں چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں اور روز مرہ کی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہو رہی ہے۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھاکہ ملک میں معیشت کے اشاریے بھی بہتری کی طرف گامزن ہیں، سیاسی لیڈرشپ نے مل کر ملک کو ٹھیک کرنا ہے۔