اسلام ٹائمز۔ لاہور میں سربراہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس کی اپیل پر لاہور پریس کلب کے باہر جاری رہنے والا دھرنا اہلیان پارا چنار کے مطالبات منظور ہونے پر دس روز بعد ختم کر دیا گیا۔ دھرنے میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے وائس چیئرمین مجاہد عالم دین علامہ احمد اقبال رضوی مسلسل دس روز دھرنے میں موجود رہے اور شرکاء کا لہو گرماتے رہے۔ علامہ احمد اقبال رضوی کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی اور علامہ سید حسن رضا ہمدانی میں دھرنے میں موجود رہے۔ ان دس دنوں میں دھرنے میں اہل تشیع کیساتھ ساتھ اہلسنت رہنما بھی شرکت کرتے رہے اور دھرنے کے شرکاء کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے رہے۔ کُل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا محمد عاصم مخدوم، ممتاز اہلسنت عالم دین علامہ مفتی عاشق حسین، علامہ مفتی عثمان نوری سمیت دیگر علماء نے بھی شرکت کی اور پارا چنار کے مظلوموں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
شیعہ قائدین میں علامہ سید شنہشاہ نقوی آف کراچی نے بھی خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ جبکہ شیعہ علماء کونسل کے وفد نے بھی دھرنے میں شرکت کرکے ایم ڈبلیو ایم کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین سبزواری نے وفد کی قیادت کی جبکہ وفد کے دیگر ارکان میں علامہ سید حافظ کاظم رضا نقوی، علامہ حسن رضا قمی، قاسم علی قاسمی اور دیگر رہنما شامل تھے۔ جبکہ علامہ محمد امتیاز کاظمی، علامہ امجد علی عابدی سمیت دیگر علماء نے بھی شرکت کی اور پاراچنار کے محصورین کیلئے راستوں کی بندش ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ دھرنے کے دس دنوں میں شہریوں کی بڑی تعداد دھرنے میں موجود رہی اور اہلیاں پارا چنار سے اظہار یکجہتی کرتی رہی۔