اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے مالی سال 2024-2023ء کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے ممبران اسمبلی کے نام جاری کر دئیے۔ شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جن ممبران اسمبلی نے اپنے گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں ان میں امجد حسین ایڈووکیٹ، ناصر علی خان، سید امجد علی، شمس الحق لون، نواز خان، نذیر احمد، غلام محمد، اکبر علی، ٹیکنوکریٹ، غلام شہزاد ٹیکنوکریٹ، اور خواتین کی مخصوص نشست میں کنیز فاطمہ شامل ہیں۔
شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے مذکورہ معزز ممبران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 جنوری 2025ء تک اپنے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے (فارم-B) جمع کرائیں بصورت دیگر ان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔ پریس ریلیز کے مطابق زیر دفعہ 137 ضمن 3 الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت ہر رکن قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان نے اپنے شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثہ جات سے متعلق فارم بی ہر سال 31 دسمبر یا اس سے قبل دفتر الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ہوتا ہے اور اس حوالے سے سیکریٹری اسمبلی کو بھی متعلقہ فارم بھجوائے گئے تھے تاکہ ہر ممبر اپنا فارم پُر کر کے دے سکیں۔