0
Wednesday 13 Nov 2024 00:23

اسموگ کی وجہ سے 2 لاکھ 50 ہزار قبل از وقت اموات ہو سکتی ہیں، احسن اقبال

اسموگ کی وجہ سے 2 لاکھ 50 ہزار قبل از وقت اموات ہو سکتی ہیں، احسن اقبال
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اسموگ کو ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے پاکستان میں 2 لاکھ 50 ہزار قبل از وقت اموات ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں فضائی آلودگی پر اجلاس کے دوران بتایا کہ یہ مسئلہ پاکستان نے خود پیدا کیا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق احسن اقبال نے خبردار کیا کہ اسموگ کے اثرات صرف صحت پر نہیں پڑ رہے بلکہ یہ معاشی بحران بھی بن چکا ہے، لاہور اور ملتان میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے اور لاہور کئی روز سے دنیا کا سب سے آلودہ شہر بن چکا ہے، پنجاب حکومت نے اسموگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے اسکولز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تعلیمی سرگرمیاں آن لائن منتقل کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ محکمہ ماحولیات نے اسموگ سے نمٹنے کے لیے تمام محکموں کو پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جس کے تحت عملے کا نصف حصہ گھر سے کام کرے گا اور باقی کار پولنگ کرے گا۔ اس کے علاوہ، لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو اس مسئلے کے حل کے لیے 10 سالہ پالیسی بنانے کی ہدایت کی ہے اور حکومت پنجاب نے شادیوں پر پابندی لگانے کی پالیسی پر کام شروع کر دیا ہے تاکہ اسموگ کی شدت کو کم کیا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 1172262
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش