اسلام ٹائمز۔ غاصب اسرائیلی رژیم کے نئے وزیر جنگ اور سابق وزیرخارجہ اسرائیل کیٹس نے اپنے ایک دھمکی آمیز پیغام میں اعلان کیا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی نہیں ہوگی۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اسرائیل کیٹس نے لکھا کہ لبنان میں کوئی جنگ بندی نہیں ہوگی اور ہم اپنی تمام قوت کے ساتھ حزب اللہ پر حملے جاری رکھیں گے جب تک کہ ہم اپنے تمام جنگی اہداف حاصل نہیں کر لیتے!! نئے صیہونی وزیر جنگ نے لکھا کہ ہم ایسا کوئی معاہدہ قبول نہ کریں گے جو حزب اللہ لبنان کے اسلحہ ڈال دینے اور دریائے لیتانی سے پیچھے چلا جانے سمیت مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں غیر قانونی صیہونی اباد کاروں کی واپسی کی ضمانت نہ دے!!
واضح رہے کہ نئے اسرائیلی وزیر جنگ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب حزب اللہ لبنان کے تباہ کن میزائل و ڈرون حملے نہ صرف جاری ہیں بلکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی جغرافیائی گہرائی میں واقع حساس صیہونی مراکز تک بھی جا پہنچے ہیں جس سے لاکھوں غاصب صیہونی آبادکاروں کی شب و روز پناہ گاہوں کی جانب دوڑ جاری رہتی ہے اور حتی گزشتہ 45 روز سے جاری لبنان کے خلاف اپنے زمینی حملے میں جعلی صہیونی رژیم کی بزدل و سفاک فوج تاحال لبنانی سرحدوں کو عبور تک نہیں کر سکی!