0
Tuesday 12 Nov 2024 12:01

شام و ترکی کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے ایران کی پرزور حمایت

شام و ترکی کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے ایران کی پرزور حمایت
اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزارت خارجہ کے خصوصی مشیر سیاسی امور اور اعلی ایرانی مذاکرات کار علی اصغر خاجی نے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں اعلی شامی مذاکرات کار اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کے ساتھ ملاقات و گفتگو کی ہے۔

ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق  22ویں بین الاقوامی آستانہ کانفرنس کے موقع پر منعقد ہونے والی اس ملاقات میں فریقین نے خطے کی تازہ ترین صورتحال، شام کے سیاسی و میدانی حالات اور بالخصوص علاقے میں جاری غاصب صیہونی رژیم کے جارحانہ حملوں کے تناظر میں جامع مذاکرات کے جاری رہنے پر تاکید کی۔ اس موقع پر ایرانی وزارت خارجہ کے اعلی مشیر نے شام کی ہمہ جانبہ حمایت اور غاصب صیہونی رژیم کے ناجائز قبضے و جنگی جنون کے مقابلے پر تاکید کرتے ہوئے، اس اصولی موقف کو خطے میں امن و استحکام کے تحفظ اور خطے کے ممالک کی قومی سلامتی کے ساتھ ہم آہنگ قرار دیا اور ایران و شام کے درمیان مستحکم تعلقات کی طویل تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان، خاص طور پر غاصب صیہونی رژیم کے دہشتگرد ٹولے کے جرائم اور کشیدگی کے پورے خطے میں پھیل جانے کو روکنے کے لئے،  باہمی تعاون کو جاری رکھنے اور اسے وسعت دینے پر زور دیا۔ علی اصغر خاجی نے شام اور ترکی کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے امکان کی بھی حمایت کی اور خطے کی موجودہ حساس صورتحال میں اس کے مثبت نتائج پر تاکید کی۔

دوسری جانب شامی وفد کے سربراہ نے بھی شام اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کے جاری رہنے اور دونوں ممالک کے رہنماؤں کے عزم کے مطابق باہمی تعلقات کی توسیع پر تاکید کی۔ انہوں نے غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے مسلط کردہ جنگ اور اس کے کھلے جنگی جرائم کو روکنے، خطے میں مستحکم و پائیدار سلامتی کے حصول اور فلسطین و لبنان کے عوام کی مدد کے لئے علاقائی تعاون پر بھی تاکید کی۔
خبر کا کوڈ : 1172129
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش