اسلام ٹائمز۔ صدر ریاست آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وکلاء کی سوسائٹی میں اہمیت کلیدی نوعیت کی ہوتی ہے۔ وکلاء آئین و قانون کے محافظ بن کر معاشرے میں آئین و قانون کی بالادستی کے قیام میں فیصلہ کن رول ادا کرتے ہیں۔آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد میں وکلاء برادری نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے۔ میرپور بار ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کی سب سے بڑی بار ہے، میرپور بار ایسوسی ایشن کا ماضی بڑا شاندار اور جاندار رہا ہے، اس بار نے وکالت اور عدالت دونوں شعبہ جات میں بڑے نام پیدا کیے ہیں۔ میرپور بار ایسوسی ایشن نے تحریک آزادی کشمیر انسانی حقوق کی بحالی اور مظلوم طبقات کی رہنمائی میں ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ میرپور میرا حلقہ انتخاب ہے، میرپور بار ایسوسی ایشن میری بار ہے، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے تمام مسائل ترجیحی اور فوری بنیادوں پر حل کیے جائیں گے میں بار کا اعزازی ممبر بھی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
میرپور میں پارکنگ پلازہ بنانے کا اعلان کرتا ہوں، وکلاء کالونی کے قیام کا اعلان پہلے بھی ہو چکا ہے میں اس سلسلے میں انتظامیہ کو فوری ہدایت جاری کرتا ہوں کہ وہ وکلا کے لیے ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے مناسب جگہ کا انتخاب کریں، وکلاء کے لیے چیمبرز کا مطالبہ میرے نوٹس میں ہے اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے میری بات چیت جاری ہے جلد وکلاء چیمبرز کے لیے بلڈنگ کا انتخاب کر لیا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت ظلم و بربریت کا دور دورہ ہے تحریک آزادی کشمیر اپنے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم و محکوم کشمیریوں کی آس و امید ہمارے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ اس لیے میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے وکلاء سمیت آزاد کشمیر بھر کے وکلاء سے اپیل کروں گا کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے، سوشل میڈیا کا استعمال کر کے تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں وکلا اپنا کردار ادا کریں۔ ہماری حکومت عوامی مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
میں نے اپنے دور حکومت میں بڑا تعلیمی پیکچ دیا تھا جس میں 476 تعلیمی اداروں کا قیام عمل میں آیا تھا۔اب آزاد کشمیر میں صحت کی سہولیات کی بہتر فراہمی کے لیے حکومت نے 84 کروڑ 49 لاکھ کا مثالی ہیلتھ پیکچ منظور کیا ہے اس ہیلتھ پیکچ سے صحت عامہ کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔نوجوانوں کو سب سے بڑا ایشو اس وقت بے روزگاری ہے، ہیلتھ پیکچ کے ذریعے بے روزگاری کے خاتمے بھی خاصی مدد ملے گی۔ اس ہیلتھ پیکچ میں ڈسٹرکٹ ہسپتال میرپور اور ٹیچنگ ہسپتال کی اپ گریڈیشن بھی شامل ہے جبکہ یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر بہت سے BHU بیسک ہیلتھ یونٹ اور 9 نئے FAPs فرسٹ ایڈ پوسٹ کا قیام بھی شامل ہے جس سے میرپور میں محکمہ صحت کے شعبے میں عوامی مسائل میں کمی آئے گی۔ میں جب وزیراعظم تھا تو میں نے میرپور شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے بہت سے منصوبہ جات کا آغاز کیا، میرپور شہر سے تجاوزات کا خاتمہ کر کے سڑکات کو کشادہ کیا، لاری اڈا، سبزی منڈی، میاں محمد بخش لائبریری کا قیام میرے دور حکومت میں مکمل ہوا۔
میرپور میں علامہ اقبال روڈ اور دیگر چھوٹی بڑی سڑکات کی از سرے نو تکمیل کا آغاز ہو چکا ہے اس سے عوام کے سفری سہولیات میں بہتری آئے گی۔رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل کے منصوبہ کا افتتاح ہو چکا ہے انشاءاللہ جلد یہ پل مکمل ہو کر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ ذیلی کنبہ جات کے حل کے لیے تین انتہائی اہم اجلاس ہو چکے ہیں، انشاءاللہ جلد ذیلی کنبہ جات کا ایشو حل کر لیا جائے گا۔ ہم لوگوں کے حقوق کے محافظ ہیں میرپور میں کالے قانون کو نہیں چلنے دیں گے قانون عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے بنائے جاتے ہیں جو قانون لوگوں کے بنیادی حقوق اور شہری آزادیوں کو سلب کرے ایسے قانون بنانے کی کسی کو اجازت نہیں دوں گا۔ میرپور میرا حلقہ انتخاب ہے میرپور کے حقوق کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔
تقریب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے صدر چوہدری شکیل زمان ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری بشیر تبسم ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے صدر چوہدری شکیل زمان ایڈووکیٹ نے سپاس نامہ پیش کیا۔ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے صدر چوہدری شکیل زمان ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کے لیے خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کشمیر ایشو کے لیے خدمات ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں۔
بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ریاست کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے عوام کی بھرپور انداز میں ترجمانی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو ہر محاذ پر اجاگر کیا ہے وکلاء برادری صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کے لیے کی جانے والی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پانچ اگست 2019ء کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعدمقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی قتل و غارتگری میں ہوشرباء اضافہ ہوا ہے۔کشمیری قوم کے سینوں میں آزادی کے بھڑکتے شعلوں کو بجھانے کیلئے مودی کی فاشسٹ حکومت ظلم و بربرہت کے تمام ہتھکنڈے آزما رہی ہے لیکن بھارتی حکومت کے تمام تر مظالم اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود نہتے کشمیریوں کی مسلسل اور تسلسل کے ساتھ آزادی کے لیے جدوجہد نے دنیا کو حیران و ششدر کر دیا ہے۔
انشاءاللہ تحریک آزادی کشمیر جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گی ہم کشمیر کی مکمل آزادی پر یقین رکھتے ہیں ہمارا مطالبہ حق خودارادیت ہے کشمیر ایشو کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری سے ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں کی شہادتیں ہو چکی ہیں غزہ کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔غزہ میں انسانی حقوق مکمل طور پر پامال ہو چکے ہیں خوراک ادویات سمیت ضرورت کی ہر قسم کی چیز کی سپلائی بند ہے پانی بجلی تک کی فراہمی بندش کا شکار ہے۔غزہ کے موجودہ حالات کی وجہ سے دنیا میں ہر انصاف پسند، صاف دل اور زندہ ضمیر رکھنے والا شخص رنجیدہ و افسردہ ہے۔ اقوام متحدہ اور آئی سی یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اسرائیل حماس تنازع کا پر امن حل نکالنا ہو گا اس تنازع کا واحد حل خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔