اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی جس قسم کی کال دے رہے ہیں اُس کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کریک ڈاؤن کی کھلی چھوٹ ملے گی۔ پھر اُس کے بعد یہ روئیں گے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ لوگ افراتفری اور انتشار کے حق میں نہیں۔ ان کی کال پر کوئی نہیں نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور سر سے کفن باندھ کر آنا چاہتے ہیں تو پہلے استعفیٰ دیں۔ بانی پی ٹی آئی جب تک ہٹ دھرمی کی پالیسی ختم کرکے سیاسی جماعتوں کیساتھ نہیں بیٹھیں گے اُن کے لیے کوئی راستہ نہیں ہے۔
رانا ثناء نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی جس طرح کی گفتگو کررہے ہی یہ اپنے کارکنوں کے ساتھ زیادتی ہے، کفن باندھنے جنازہ پڑھنے کی باتیں کیوں۔؟ کہہ دیتے کہ مطالبات کیلئے پرامن احتجاج کریں گے، طاقت کے استعمال پر اجارہ داری ریاست کی ہے کسی گروہ یا جماعت کی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کفن باندھنے اور جنازے پڑھنے کی بات کے بعد کیا کوئی پھول لے کر کھڑا ہو۔؟ ہم نے اپنے احتجاج میں کبھی دھرنے دینے یا تشدد کی بات نہیں کی۔
راہنما مسلم لیگ نون نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ہمیں ختم کروانا چاہتے تھے۔ بانی پی ٹی آئی کا باجوہ سے جھگڑا اس بات پر تھا کہ اپوزیشن کو ختم کریں، باجوہ نے ساتھ نہیں دیا تو کہنا شروع کردیا کہ یہ میر جعفر اور میر صادق ہیں۔ کسی کو نہیں چھوڑوں گا کہ پالیسی سے ہٹنے تک ان کے پاس کوئی راستہ نہیں، اپنی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہ خود بھی مشکل میں ہیں اور ملک بھی مشکل کا شکار ہے۔ رانا ثناء نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کی حکمت عملی سڑکوں کی ہے تو ناکامی کا ہی سامنا ہوگا، پی ٹی آئی کی حکمت عملی سیاسی جماعت والی ہے ہی نہیں۔