اسلام ٹائمز۔ شامی سول ایوی ایشن اینڈ ائیر سروسز کے ڈائریکٹر "اشهد الصلیبی" نے کہا کہ رواں ہفتے منگل کے روز دمشق ائیرپورٹ سے فلائٹ آپریشن بحال ہو جائے گا۔ اشهد الصلیبی نے کہا کہ 7 جنوری 2025ء سے دمشق سے باہر کے ممالک اور اسی کے برعکس پروازیں بحال ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عرب و بین الاقوامی ہوائی کمپنیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم اپنے انجینئرز کی مدد سے حلب اور دمشق ائیر پورٹس کی تعمیر نو کر رہے ہیں تا کہ مذکورہ فضائی اڈوں پر بین الاقوامی پروازیں اُتر سکیں۔ یاد رہے کہ 27 نومبر 2024ء کو دہشت گردی کی فہرست میں شامل "تحریر الشام" نے "بشار الاسد" کی حکومت کو گرانے کے لئے حلب کے شمال اور مغرب سے اپنی یلغار کا آغاز کیا۔ شامی فوج کی جانب سے کسی قسم کی مزاحمت نہ ہونے کی وجہ سے یہ گروہ 11 دن بعد دمشق پر قابض ہو گیا۔
جس کے بعد شام آنے والی تمام پروازیں ملتوی کر دی گئیں۔ قبل ازیں دمشق ائیرپورٹ نے اعلان کیا تھا کہ تا اطلاع ثانوی دمشق آنے والی تمام پروازیں معطل کر دی گئیں ہیں۔ اس دوران صرف وہی جہاز دمشق اُتر سکتے ہیں جن کے پاس شامی ائیرلائنز کا اجازت نامہ موجود ہو۔ دوسری جانب آج صبح ہی مصر نے انسانی امداد سے لدا ایک جہاز دمشق بھیجا ہے۔ بشار الاسد کی حکومت گرنے کے بعد شام کے لئے کسی بھی ملک کی یہ پہلی اُڑان ہے۔ یہ ہوائی جہاز 15 ٹن طبی امدادی سامان لے کر دمشق اُترا ہے جس کو شام کی ہلال احمر ضرورت مندوں میں تقسیم کرے گی۔ اسی حوالے سے بیروت میں تعینات مصری سفیر "علاء موسی" نے کہا کہ ممکن ہے کہ قاھرہ، شام کے لئے امدادی سامان سے بھرا ایک اور ہوائی جہاز دمشق بھیجے۔